چشمہ میدیا کا کیا مقصد ہے؟

یہ کہ عیسیٰ المسیح کے بارے میں اردو کتابیں اردو اور ہندی کے حروف دونوں میں پیش کرے۔ اعلیٰ معیار کی تمام کتابوں کو مفت میں ڈاؤن لوڈ اور تقسیم کرنے کی اجازت ہے۔

لفظ اللہ کیوں استعمال ہوا ہے؟

کچھ لوگ خاص کر برِ صغیر میں یہ بات پسند نہیں کرتے کہ اِس ویب سائٹ کی کتابوں میں لفظ اللہ استعمال ہوا ہے۔ وہ سمجھتے ہیں کہ صرف اور صرف خدا ہی استعمال ہونا چاہئے۔

اِس خیال کو سراسر رد کرنا ہے۔ پہلے، اندازہ لگایا گیا ہے کہ آمدِ اسلام سے پہلے ہی عربی عیسائی یہی لفظ استعمال کرتے تھے۔ قدیم مسلم مؤرخ اِس کی تصدیق کرتے ہیں۔ نیز، انجیل کے سب سے قدیم ترجموں میں اللہ ہی استعمال ہوا ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ لفظ اللہ اَلاہہ سے بہت مطابقت رکھتا ہے، جو اَرامی بولنے والے عیسائیوں میں آج تک رائج ہے۔ اِن ہی اَرامی عیسائیوں نے پنتکست کے عین بعد خوش خبری عربوں میں پھیلائی۔

سب سے بڑھ کر یہ کہ عربی ایمان دار ہزاروں سال سے ہر جگہ اللہ استعمال کرتے آئے ہیں۔ یہی لفظ منظور شدہ عربی ترجموں میں مستعمل ہے۔ لہٰذا جب کچھ لوگ شور مچاتے ہیں کہ اللہ صرف اسلام کا خدا ہے تو وہ اپنے عربی بہن بھائیوں کی خاص بے عزتی کرتے ہیں۔

اگر ہم لفظ خدا پر غور کریں تو یہ بت پرست فارسی ماحول میں پیدا ہوا۔ اور اگر انگریزی لفظ God پر دھیان دیں تو یہ بھی بت پرست ماحول میں وجود میں آیا۔ اگر ہم لفظ اللہ منع کریں تو God اور خدا کے الفاظ کو بھی منع کرنا چاہئے۔ تب ہمیں صرف عبرانی توریت کے الفاظ الوہیم اور یہوہ اور یونانی انجیل کا لفظ تھیوس استعمال کرنا چاہئے۔

جو اردو آج رائج ہے وہی اِس ویب سائٹ کی کتابوں میں استعمال ہوئی ہے۔ نتیجے میں دونوں الفاظ اللہ اور خدا استعمال ہوئے ہیں۔