بات چیت: اپنے عیسائی دوست سے ایک مسلمان کی گفتگو
بدرو ڈی کیٹریگا & ڈیوڈ ڈبلیو شینک
جب دوسروں کے مذہب کو سیکھنے کی بات آتی ہے تو زیادہ تر لوگ اپنے ہی مذہبی علما سے سیکھنے تک محدود رہتے ہیں۔ کہنے کا مطلب یہ ہے کہ عیسائی حضرات عیسائی علما سے ہی اسلام کے بارے میں سیکھتے ہیں جبکہ مسلمان حضرات اپنے مذہبی علما سے ہی عیسائی ایمان کے متعلق سیکھتے ہیں۔ یہاں تک کہ ہر مذہب میں لوگ اپنے ہی ماہرین سے سیکھتے ہیں کہ ”وہ لوگ“ کیا عقیدہ رکھتے ہیں اور کیا نہیں۔ کیا یہ اچھا نہیں ہو گا کہ ہم ”اُن لوگوں“ کو ہی بتانے دیں کہ وہ کیا مانتے ہیں؟
اِس کتاب میں یہ بہت ماہرانہ انداز میں بیان کیا گیا ہے۔ اِس میں ایک سنّی مسلمان بنام بدرو کیٹریگا بیان کرتے ہیں کہ اسلام کیا ہے۔ ساتھ ساتھ ایک عیسائی بنام ڈیوڈ شینک پیش کرتے ہیں کہ عیسائی ایمان کیا ہے۔ گو گفتگو کے دوران دونوں مذہبوں میں فرق صاف نظر آتا ہے تو بھی وہ عزت و احترام سے ایک دوسرے سے بات کرتے ہیں۔ ہر بات دوستانہ روح میں کی جاتی ہے۔
محترم بدرو کیٹریگا (ایم اے، لندن) کی پیدائش یوگانڈا کے ایک مسلم گھرانے میں ہوئی۔ وہ بے شمار یونیورسٹیوں میں لیکچرر کی حیثیت سے فائز رہے۔ اِس وقت وہ سعودی عرب میں یوگانڈا کے سفیر ہیں۔ محترم ڈیوڈ شینک (پی ایچ ڈی، نیو یارک) ایک عیسائی گھرانے میں پیدا ہوئے جو تنزانیہ میں اپنی خدمات انجام دے رہا تھا۔ وہ چھ سال تک کینیا میں لیکچرر رہے، وہیں اُن کی دوستی بدرو صاحب سے ہو گئی۔
یہ دونوں دوست اپنے اپنے مذہب میں بزرگ شمار کئے جاتے ہیں۔ اُن کی شدید آرزو ہے کہ لوگ دوستانہ روح میں عیسائیت اور اسلام کا اچھی طرح مطالعہ کریں۔ یہ کتاب دونوں کی بات چیت کا ریکارڈ ہے۔